Skip to content

انٹر نیٹ کا استعمال- اچھا یا بُرا

انٹر نیٹ کا استعمال- اچھا یا بُرا
نزہت قُر یشی
انٹر نیٹ نے پُوری دُنیا کو ایک دُوسرے کے قریب کر دیا ہے۔ ہزاروں میل کی دُوری پر بیٹھا شخص آپ کے سامنے آپ کے کمرے میں بیٹھا آپ سے باتیں کر رہا ہوتا ہے۔ ہے نا یہ کمال کی بات؟ ایک ملک سے دوسرے ملک ، ایک شہر سے دوسرے شہر یہاں تک کہ پُوری دُنیا کے حالات و واقعات صرف بٹن دباتے ہی معلوم ہو جاتے ہیں
انٹر نیٹ کے فائدے:۔
انٹر نیٹ معلومات کا خزانہ ہے۔ جس چیز کے بارے میں جاننا چاہیں فوراً آپ کو اس کی تفصیل مل جاتی ہے۔ طالب علموں کے لیے تو بُہت ہی فائدہ مند ہے کیونکہ لائبریریوں کے چکر لگانے اورگھنٹوں مختلف کتابوں میں سر کھپانے کے بعد اپنے موضوع کو ڈھونڈنے میں جو وقت ضائع ہوتا تھا۔ گھر بیٹھے ایک بٹن دباتے ہی ہر قسم کی معلومات آپ کے سامنے بمعہ تصویر آ جاتی ہیں۔ آپ زندگی کے کسی بھی شعبے سے متعلق اس سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ میڈیکل کے طالب علم ہوں یا انجنئیرنگ کے۔ آرٹ سے دلچسپی رکھتے ہوں یا سائنس سے آپ کے پاس اگر انٹرنیٹ ہے تو گویا آپ کے پاس معلومات کا خزانہ ہے
گھر بیٹھی خواتین بھی اب اس سے بھر پُور فائدہ اُٹھا رہی ہیں۔ وہ نت نئے کھانوں کی ترکیبیں سیکھتی ہیں اور اپنے کھانوں میں ذائقے لا کر تعریفوں کے انبار اکٹھے کر رہی ہیں ۔ ڈریس ڈیزائننگ ہو یا جُوتوں اور میک اَپ کی بات ہو۔ غرض آپ کو فیشن کی دُنیا کی ہر قسم کی ورائٹی اور ڈیزائن یہاں مل جاتے ہیں۔ نہ صرف پاکستان کے بلکہ پُوری دُنیا کے جس ملک کے بھی آپ چاہیں ۔ اُس کے آرٹ، کلچر ، لباس ، خوراک وغیرہ غرض ہر قسم کی معلومات کا خزانہ اس میں موجود ہے۔
اگر آپ کے پاس کوئی معلومات ہیں تو آپ بھی اسی انٹر نیٹ پر شئیر کر کے دوسروں کو بھی اس کا فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ اس طرح سب لوگ ایک دوسرے کے ملک کے بارے میں اور اُن کی روایات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔
انٹر نیٹ کے نقصانات:۔
جہاں اس کے بے شمار فوا ئد ہیں ۔ وہاں اس کے نقصانات بھی ہیں۔ مختلف قسم کی گیمز کی وجہ سے لوگ اور خاص طور پر طالب علم اپنے وقت کو ضائع کرتے ہیں۔ اپنی تعلیم کو بھول کر اسی گیم میں مصروف ہو کر اپنے مستقبل کو تباہ کر رہے ہیں۔ بے حیائی اور فحاشی کھلے عام دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جس سے نابالغ لڑکے اور لڑکیاں بے راہ روی کا شکار ہو رہے ہیں ۔ اسی وجہ سے معاشرے میں بگا ڑ کا باعث بن رہے ہیں ۔ یہ نہ صرف پیسے کی بر بادی ہے۔ بلکہ اپنی صحت بھی تباہ کر رہے ہیں۔ سارا وقت لیب ٹاپ یا کمپیو ٹر کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں۔ یا موبائل میں لگے رہتے ہیں۔ نہ کھانے پینے کا ہوش ، نہ کوئی اور سرگرمی ۔ سُستی اور کاہلی کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں
انٹر نیٹ بذات خود کوئی بُری چیز نہیں ہے لیکن اس کا استعمال اس کو اچھا یا بُرا بنا دیتا ہے۔ اگر اچھے کے لیے استعمال کریں تو اس سے بہترین کوئی چیز نہیں اور اگر بُرائی کے لیے استعمال کریں تو اس سے بُری چیز بھی کوئی نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *