بال گرنا،جھڑنا

In عوام کی آواز
January 08, 2021

بال گرنا،جھڑنا
بال ہر ایک انسان کے جھڑتے ہیں، یہ ایک قدرتی عمل ہے۔ بال اپنی پوری لمبائی تک بڑھ جانے کے بعد جھڑ جاتے ہیں ان کی جگہ پر نئے بال اگ آتے ہیں۔ لیکن اگر بہت زیادہ بال جھڑیں تو یہ ضرور ایک مسئلہ ہے۔

بالوں کی پرورش:
ہمارے جسم کی جلد میں چکنائی والے گلینڈز ہوتے ہیں ۔جو اپنی چکنائی سے بالوں کی پرورش کرتے ہیں۔ اس سے بال ملائم رہتے ہیں اور بڑھتے ہیں۔ بالوں کی پرورش خون کے دورے سے بھی ہوتی ہے۔ اگر خون کا دورہ ٹھیک طرح سے ہوتا رہے ، تو بال جلدی بڑھتے ہیں، اور ملائم نیز چمکدار رہتے ہیں۔ اگر ان دونوں میں ہی خرابی ہو جائے، تو بال جھڑنے لگتے ہیں۔

بال ٹوٹنے کی وجوہات:
بال ٹوٹنے کی اہم وجوہات یہ ہیں کہ۔ خون کی کمی، بالوں کی جڑوں میں کسی بیماری کا ہونا، گرمی وغیرہ کی بیماری، سیکری، بالوں کی پرورش کا رک جانا اور دھوپ میں ہمیشہ کھلے سر رہنا ۔

بال جھڑنے کی وجوہات:
بہت زیادہ بال جھڑنے کی وجہ ٹائفائیڈ جیسی لمبی بیماری، حمل، دوائیوں کا ردعمل، بہت زیادہ خوشبودار تیل کا استعمال سستے اور گھٹیاشیمپو کا استعمال، متوازن غذا میں کمی وغیرہ کو تسلیم کیا جاتا ہے۔

بالوں کے جھڑنے کی ایک وجہ ہمارے کھانے میں غذائی عناصر کی کمی بھی ہوتی ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ، اپنی خوراک میں پروٹین کی مقدار بڑھائی جائے۔ چنا، سویا بین ، راج ماش وغیرہ میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ دودھ سے بنی ہوئی چیزوں کا استعمال بھی مفید ہوتا ہے۔

غذا سے علاج:

تیل :
بالوں کو خوبصورت اور تندرست بنائے رکھنے کے لیے بالوں میں تیل ڈالنا ضروری ہے۔ آج کل لوگ اکثر بالوں کو خشک رکھتے ہیں۔ بالوں کو خشک رکھنے سے بالوں کی جڑیں کمزور ہوجاتی ہیں اور بال جھڑنے لگتے ہیں۔ تیل ڈالنے کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ بالوں کو ہیئربرش کچھ تیزی سے برش کی جائے، اس سے بالوں کی ورزش بھی ہوتی ہے۔ کھوپڑی میں خون کا دورہ بڑھتا ہے، جس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور بالوں کا جھڑنا کم ہو جاتا ہے۔

طریقہ:
سب سے پہلے کسی اچھے تیل جیسے ناریل یا بادام روغن آہستہ آہستہ بالوں میں مالش کریں۔ انگلیوں کے پوروں سے رگڑیں۔ خوشبودار تیلوں سے ہر ممکن بچنا چاہیے۔ اس سے بال کمزور پڑھ جاتے ہیں اور وقت سے پہلے سفید ہونے لگ جاتے ہیں۔

بھاپ :
بالوں کو بھاپ دینے سے بال ریشم کی طرح نرم اور تندرست ہو جاتے ہیں۔ان کا جھڑنا بند ہو جاتا ہے۔

طریقہ:
ایک برتن میں گرم پانی لیں ،ایک تولیہ اس میں بھگو کر ہلکا سا نچوڑ کر سر پر لپیٹیں۔ ٹھنڈا ہونے پر دوسرا تولیہ لپیٹیں ۔ اس طرح دس منٹ بھاپ دیں۔ بھاپ دینے سے ایک دن پہلے سر میں تیل لگائیں۔

نیم اور بیری کے پتے :
بال گرنے میں نیم اور بیری کے پتے بہت مفید ثابت ہوتے ہیں۔

طریقہ:
سر کے بال اگر گرنا ہی شروع ہوئےہوں تو بیری اور نیم کے پتوں کو ابال کر اس پانی سے سر کو دھوئیں اس سے بال گرنا بند ہو جائیں گے، بال سیاہ ہی رہیں گے اور لمبے بھی ہوں گے۔ اس سے جوئیں مرجاتی ہیں۔ احتیاط رکھیں ، کہ سر دھوتے وقت پانی آنکھوں میں نہیں جائے۔سر دھوتے وقت آنکھیں بند رکھیں۔

آنولہ :
خشک آنولے کو رات کو بھگو دیں۔ صبح اس پانی سے سر دھوئیں۔اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔ بالوں کی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ دماغ اور آنکھوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

تحریر : محمد احمر (ملتان)