Skip to content

کوشش یا نصیب ؟؟

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اللّٰہ رب العزت کوشش کرنے والوں کو کبھی محروم نہیں رکھتا ، نہ ہی کبھی کسی کی کوشش راٸیگاں کرتا ہے۔۔ وہ ہماری کوششوں کو ستّر گُنا زیادہ بڑھا کر ہمیں واپس دیتا ہے۔ لیکن آج کا المیہ یہ ہے کہ ہم انسان اپنی ہر ناکامی کو نصیب کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں ، ہر چیز کا الزام ہم نصیب پر ڈال دیتے ہیں۔۔ جبکہ نصیب اُن چیزوں کا نام ہے جو ہماری بساط سے باہر ہیں،، جو ہم بدل نہیں سکتے اب سوال یہ ہے کہ ہم بدل کیا کیا سکتے ہیں!!؟

کبھی سوچا ہے کہ بدل دینے والی چیزیں زیادہ بس میں ہیں یا نہ بدلنے والی؟؟یقیناً ہم فہرست بنانے لگیں تو ممکنات کی فہرست بہت لمبی ہوگی بہ نسبت نا ممکنات کے۔ جیسے۔۔۔؟؟؟جیسے ”سوچ“ جو ہم بدل سکتے ہیں، جیسے ”مزاج “ جو ہم بدل سکتے ہیں، جیسے ”عادات“ جو ہم بدل سکتے ہیں، جیسے ”اخلاق “جو ہم بدل سکتے ہیں، جیسے ”روایات “ جو ہم بدل سکتے ہیں، جیسے اپنی ”شخصيت “ جو ہم بدل سکتے ہیں۔۔۔۔اور یہی سب چیزیں مل کر بلآخر ہمارا نصیب بدل دیتی ہیں۔یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ہم ہر چیز میں، ہر کام میں نصیب کی محتاج ہو کر بیٹھے رہتے ہیں جبکہ ”نصیب حکمت کا محتاج ہوتا ہے“۔قرآن کریم میں اللّٰہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں : وَاَنۡ لَّيۡسَ لِلۡاِنۡسَانِ اِلَّا مَا سَعٰىۙ‏ ترجمہ ” انسان کیلیے وہ کچھ ہے جسکی وہ کوشش کرے ” ۔ (النجم: 39)

انسان وہ واحد مخلوق ہے جسے اللّٰہ نے کوشش کے ذریعے اپنا نصیب لکھنے کا اختیار بخشا ہے۔ تو کیونکر ہم اشرف المخلوقات ہونے کے باوجود بھی گلہ اپنے نصیب سے کرتے ہیں۔۔ اللّٰہ نے ہمیں ہاتھ دے دیے ہیں، کام ہم نے خود کرنا ہے،، اللّٰہ نے ہمیں دماغ دے دیا ہے، اسے ہر حد تک استعمال میں لانا ہمارا کام ہے،، اللّٰہ نے ہمیں ہُنر سے نواز دیا ہے، اسے تلاش کرنا ہمارا کام ہے،، اللّٰہ نے ہمارے حصّے کا رزق اس زمین میں رکھ دیا ہے، اُس رزق تک خود چل کر جانا ہمارا کام ہے۔

اکثر ایسے لوگوں کو دیکھا ہے جو اپنی ہر ناکامی کو،،ہر غلطی کو نصیب کا نام دیتے ہیں ۔ مثلاً….. ” میں اس لیے نہیں پڑھ پایا کیونکہ بس نصیب میں ہی نہیں تھا“….،، میں اس لیے نہیں کچھ کر سکا کیونکہ موقع نہیں ملا…..“ جبکہ حقيقت یہ ہے کہ انسان اپنے مواقع خود بناتا ہے ۔مشہور ِ زمانہ معروف اُستاد قاسم علی شاہ صاحب فرماتے ہیں کہ کمزور انسان یہ گلہ کرتا ہے کہ حالات ہی ایسے تھے کہ میں خواب نہ دیکھ سکا، جبکہ مضبوط انسان یہ کہتا ہے کہ انہی حالات نے مجھے خواب دیکھنا سکھایا ۔کوشش کرنے والے کے لیے اس دنيا میں ہر جگہ مواقع ہیں۔۔۔سچ ہی کہا ہے کسی نے۔۔۔”کوشش کرے انسان تو کیا نہیں ہوسکتا“

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *