***صحت کی نفسیات ***
صحت کی تعریف :
صحت کا لفظ عربی زبان سے ماخوذ ہے جس کے لغوی معنی تندرستی اور شفا کے ہیں۔ اصطلاحی لحاظ سے صحت سے مراد جسمانی اور ذہنی طور پر درست اور طاقتور ہونا ہے اگر کسی فرد کے جسمانی اعضاء درست طریقے سے اپنے افعال دے رہے ہوں اور ذہنی افعال بھی متوازن ہوں تو ایسا فرد صحت مند کہلائے گا۔ بین الاقوامی تنظیم صحت ( ڈبلیو-ایچ-او ) کے مطابق “صحت سے مراد مکمل جسمانی، ذہنی اور سماجی بہتری ہے”۔ صرف بیماری کی عدم موجودگی صحت نہیں کہلائے گی۔
صحت کی نفسیات کی تعریف
صحت کی نفسیات سے مراد صحت کے لیے وہ نفسیاتی اصول، نظریات اور تقاضے ہیں جو صحت کی ترویج و ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ ماہرین نفسیات فرد کی ذہنی ، جسمانی اور سماجی صحت کے لیے نہ صرف مختلف نظریات پیش کرتے ہیں بلکہ ان پر تحقیقات بھی کرتے ہیں۔ صحت کی نفسیات فرد کی بقاء اور بھرپور زندگی کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے جس کے تحت فرد اپنے سماجی ماحول میں رہتے ہوئے اپنے طرز زندگی کو متعین کرتا ہے۔
صحت کی نفسیات کے مطابق اختیار کیا گیا طرز زندگی فرد کی صحت اور بہترین کارکردگی کا ضامن ہوتا ہے جبکہ صحت کی نفسیات سے عدم واقفیت نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی لحاظ سے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ صحت کی نفسیات کے حوالے سے جو تحقیقات سامنے آئی ہیں ان سے یہ ثابت ہوا کہ دو تہائی اموات اس لیے موخر ہو گئیں کیونکہ بیماریوں کی روک تھام کر دی گئ اور طرز زندگی کو تبدیل کر دیا گیا۔
اعلی درجے کے مطابقتی کردار یا ادنی درجے کی مطابقتی کردار کا دارومدار فرد کے ذاتی، سماجی اور ماحولی اسباب پر مبنی ہے جس کے اندر رہتے ہوئے فرد اپنی بقاء کے لیے کوشاں رہتا ہے ایک تحقیق میں صحت اور دیگر ضروریات زندگی کی درجہ بندی صحت کو اولین درجہ کی ترجیح میں شمار کیا گیا۔ اچھی صحت کے لیے جسمانی، ذہنی اور سماجی ضروریات کا پورا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
وٹامن، روغنی اجزا، نشاستہ دار غذائیں اور معدنیات اچھی غذا کا ضروری جزو ہیں۔ تعلیم اور بہتر ماحول ذہنی صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ اسی طرح اچھی سوچ، صحت مند کردار، مضبوط ارادے تمام افراد کے لیے یکساں مواقع، بہتر اقتصادی حالات اور مثبت رویے زندگی اور ذہنی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔
بہت اچھا