ونڈو تلاش کرکے پی ایس ایل مکمل کروائیں گے: وسیم خان
پوری تحقیقات کی جائے گی کہ بائیو سیکور ببل میں کووڈ کیسز کیسے آئے؟ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی پریس کانفرنس
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا التوا پاکستان کرکٹ کا نقصان ہے ، ایونٹ کے لئے ونڈو تلاش کرکے میچز مکمل کروائیں گے ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اس واقعے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان کم از کم ہو ۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری تحقیقات کی جائے گی کہ بائیو سیکور ببل میں کووڈ کیسز کیسے آئے ؟انہوں نے کہا کہ ہم بورڈ آف گورنر سے بات کرکے آزادانہ تحقیقات کرائیں گے ،ہم تحقیقات کی گہرائی تک جائیں گےانہوں نے کہا کہ ہم نے زمبابوے اور جنوبی افریقا کیخلاف دو طرفہ کرکٹ کامیابی سے کرائی،ہمیں ان حالات سے سبق سیکھنا ہوگا، ہمیں بہتر انتظامات کرنا چاہئے تھے۔
انہوں نےمزید کہا کہ “بلیم گیم” نہیں ہونی چاہئے لیکن اس وقت سب جذباتی ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے یہ وقت کسی سے لڑائی کا نہیں لیکن یہ ضرور دیکھیں گے کہ کیوں ہوا، کیسے ہوا۔