1) اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کلیم اللہؑ کی طرف وحی بھیجی فرمایا اے میرے پیارے کلیم! اگر دنیا میں میری حمد کرنے والے نہ ہوتے تو میں بارش کا ایک قطرہ بھی آسمان سے نازل نہ کرتا اور نہ ہی زمین سے ایک دانا تک پیدا ہوتا اور بھی بہت سی چیزیں فرمائیں یہاں تک کہ فرمایا اے میرے پیارے کلیم! کیا آپ چاہتے ہیں کہ میرا قرب آپ کو نصیب ہو جیسے کہ آپ کہ کلام کو آپ کی زبان کے ساتھ قرب ہے۔
اور جیسے کہ آپ کے دل کے خطرات کو آپکے دل کے ساتھ قرب ہے ،اور جیسے کہ آپکی جان کو آپ کے ساتھ قرب ہے اور جیسے کہ آپ کی نظر کو آپ کی آنکھ کے ساتھ قرب ہے۔
موسیٰ کلیم اللہؑ نے عرض کی جی ! یا اللہ میں ایسا قرب چاہتا ہوں ۔ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا اگر تو یہ چاہتا ہے تو میرے حبیب محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ واٰلہِ وسلم پر درود کی کثرت کرو۔ (القول البدیع ص ١٣٢) ( سعادة الدارین ص٨٧)
2) مسالک الحنفاء میں ہے اللہ تعالیٰ نے موسیٰ کلیم اللہؑ کی طرف وحی بھیجی ، اے موسیؑ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو قیامت کہ دن کی پیاس نہ لگے ۔عرض کی جی میں چاہتا ہوں یا اللہ پاک تو اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ! اے میرے کلیم میرے حبیبؐ پر درود کی کثرت کرو۔
( القول البدیع ١٢۴) ( سعادة الدارین ص٨٧)
3) جب اللہ تعالیٰ نے حضرت آدمؑ کو پیدا فرمایا تو آپ نے آنکھ کھولی اور عرش پر محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ واٰلہِ وسلم کا اسم گرامی لکھا دیکھا تو آدمؑ نے عرض کی یا اللہ تیرے نزدیک کوئی مجھ سے بھی زیادہ عزت والا ہے تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس نام والا پیارا حبیب جو کہ تیری اولاد میں سے ہو گا وہ میرے نزدیک تجھ سے بھی مکرم ہے اے پیارے آدم اگر میرا حبیب جس کا یہ نام مبارک ہے نہ ہوتا تو نہ میں آسمان پیدا کرتا نہ زمین نہ جنت نہ دوزخ۔
پھر جب اللہ تعالیٰ نے حضرت حوّا کو حضرت آدمؑ کی پسلی سے پیدا فرمایا اور آدمؑ نے دیکھا اور اس وقت اللہ تعالیٰ نے آدمؑ کے جسم اطہر میں شہوت بھی پیدا فرما دی تھی ، آدمؑ نے عرض کی ، یا اللہ یہ کون ہے فرمایا یہ حوّا ہے ۔ عرض کی کہ یا اللہ اس کے ساتھ میرا نکاح کر دے اللہ تعالیٰ نے فرمایا پہلے اس کا مہر دو ۔ آدم علیہ سلام نے عرض کی یا اللہ اس کا مہر کیا ہے ، فرمایا جو عرش پر نام نامی لکھا ہے اس نام والے میرے حبیب پر دس مرتبہ درود پاک پڑھو۔
عرض کی یا اللہ اگر درود پاک پڑھوں تو حوّا کے ساتھ میرا نکاح ہو جائے گا اللہ تعالیٰ . نے فرمایا ہاں تو حضرت آدم ؑ نے درود پاک پڑھا اور اللہ تعالیٰ نے حضرت حوّاؑ سے ان کا نکاح کر دیا ۔لہذٰا حضرت حوّا ؑ کا مہر حضورﷺ پر درود پاک ہے۔
(سعادة الدّارین ص٨٨)
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے ہم سب کو کثرت سے حضورﷺ پر درود پاک پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین