کنڈ ملیر

In عوام کی آواز
January 17, 2021

پاکستان کا صوبہ بلوچستان جسے خدا نے اپنے قدرت کے خزانے سے خوب نوازہ ہے۔ ذرخیز زمین، اونچے پہاڑ، صحرا، جنگلات اور سمندر سے بھرپور یہ خطہ خود میں سیاحت کے بیشترمقامات رکھتا ہے۔ کنڈ ملیر بھی انہی میں سے ایک خوبصورت مقام ہے۔ جہاں پہاڑ، صحرا اور سمندر ایک ساتھ مل کر قدرت کا دلکش منظر پیش کرتے ہیں اوراس کا نیلا شفاف پانی اس کی خاصیت ہے۔۔

کنڈ ملیر بلوچستان کے مشہور ہنگول نیشنل پارک کے قریب ہے۔ کراچی سے تقریبا 240 کلو میٹر کے فاصلے پرمکران کوسٹل ہائی وے پرواقع ہے، جبکہ گوادر سے ساڑھے3 گھنٹے کی ڈرائیو کی دوری پر ہے۔ کنڈ ملیر دراصل بلوچ ماہی گیروں کی چھوٹی سی بستی ہے جس کے قریب وسیع ساحل ہے، جو کہ کافی عرصہ گمنام رہا۔۔ لیکن انٹرنیٹ پرشیئر کی جانے والی اس کے دلکش مناظر کی تصاویر نے سیاحوں کواس کا پتہ بتا ہی دیا۔۔

کنڈ ملیرساحل سیاحت کے لئے بہترین انتخاب ہے۔ اکثرکہا جاتا ہے کہ منزل سے زیادہ راستہ خوبصورت ہوتا ہےاوریہاں تو منزل بھی خوبصورت ہے اور راستہ بھی قدرے دلکش۔۔ کیونکہ کنڈ ملیر کی جانب جاتا ہوا راستہ پہاڑوں کے درمیان سے گزرتا ہے۔۔ آسمان سے باتیں کرتے اور بادلوں کو چھوتے اونچے اونچے پہاڑ اور ان کے درمیان سے گزرتی سانپ کی طرح لہراتی طویل اور صاف سڑک کے یہ مناظرسفرکوخوشگواربناتے ہیں۔۔

ساحل کے قریب پہنچتے ہی دورتک پھیلا ہوا وسیع و شفاف نیلا اورسبز رنگ کا آلودگی سے پاک سمندراوراس کی چاندی کی مانند چمکتی موجیں مارتی شرارتی لہریں یہاں سے گزرنے والے کواپنی طرف متوجہ کرتی ہیں اور سنہری ریت پر لہروں کے خوبصورت نقش نہایت حسین لگتے ہیں۔۔ آپ اس ساحل کی ریت پرچہل قدمی کرتے ہوئے پانی میں دورتک جا سکتے ہیں کیونکہ یہاں سمندر کی گہرائی دیگرساحل کی نسبت کم ہے اورکافی دور جاکرآتی ہے۔۔ یہی وجہ ہے کہ اسے محفوظ ساحلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔۔

اب لوگ ہفتہ وارتعطیلات کے علاوہ مختلف تہواروں پر بھی کنڈ ملیر کا رخ کرتے ہیں مثلا؛ نئے سال کی آمد، سا لگرہ اوردیگرمواقع پراپنے پیاروں کے ہمراہ یہاں کا رخ کرکے بار۔بی۔کیو پارٹی کرتے ہیں اور ساحل کے اطراف تعمیر کی گئ قیام گاہوں میں قیام کرتے ہیں1500 سے 1000 روپے میں ایک رات کا کرایہ ادا کر کے۔۔ جبکہ کچھ سیاح اپنے ہمراہ کیمپینگ، لکڑیاں اور آگ جلانے کا سامان لا کر کیمپ بھی کرتے ہیں۔

سیاحوں سے گزارش ہے کے اپنے ساتھ کچرے کے لئے خالی تھیلی ضرورلائیں اور واپسی میں اپنی استعمال شدہ کھانے پینے کی اشیاء کا کچرا، پانی اورجوس کی خالی بوتلیں، ڈبے اورتھیلیاں اپنے ہمراہ واپس لیتے جائیں اور کوڑا دان میں پھینک دیں بجائے ساحل اوراس کے اطراف میں پھینکنے کے۔۔ زندگی میں ایک مرتبہ کنڈ ملیر ضرور آئیں اورقدرت کے اس قدرے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوں اوراپنے لمحات کو تصاویر کے ذریعے یادگار بنائیں۔۔