نکاح کے دوران دلہا دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق، جشن ماتم میں تبدیل
عبدالقیوم فہمید
مصر میں گذشتہ روز ایک ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے پوری قوم کو صدمے سے دوچار کردیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک 26 سالہ نوجوان شادی کی تقریب میں نکاح کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔ خوشی کے موقعے پر دلہا کی اس ناگہانی موت نے دو خاندانوں میں صف ماتم بچھا دی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 26 سالہ کارلس شحاتہ کا اس کے آبائی علاقے المنیا میں شادی کے دوران چرچ میں اس کی مذہبی رسومات کے مطابق نکاح ہو رہا تھا۔ دلہا کارلس اور دلہن ارینی اسحاق اپنے اقارب کے ساتھ چرچ پہنچ چکے تھے۔ ابھی عقد کی رسم شروع نہیں ہوئی تھی کہ دلہا کو دل کا دورہ پڑا اور وہ غش کھا کر اپنی ماں کی گود میں گرگیا۔
اسے تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کے انتقال کی تصدیق کردی گئی۔ یہ خبر مصری سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پورا ملک سوگ میں ڈوب گیا۔ دلہا کی ناگہانی موت پر دلہن صدمے سے نڈھال تھی۔ اسے وہیں سے واپس اس کے گھر واپس لے جایا گیا۔ جاں بحق ہونے والے دلہا کی ماں کے لیے جوان لخت جگر کی موت ایک بڑے صدمے کا باعث بنی ہے۔ سوشل میڈیا پر سوگوار خاندان کے ساتھ شہریوں کی طرف سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ کارلس شحاتہ سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ڈائیونگ ریسکیو اور اسپورٹس کوچ کے طور پرکام کرتا تھا۔ اس کی صحت فٹ تھی اور موت سے قبل اس کی طرف سے کبھی بھی دل کی تکلیف نہیںہوئی۔
موت سے ایک دن پہلے اس نے مہندی کی رسم میں اپنے دوستوں کے ساتھ اپنی شادی کا جشن منایا اور خوب ڈانس کیا تھا۔ اس موقعے پراس نے اپنی ہونے والی شریک حیات کے ساتھ یاد گار فوٹو بھی بنوائے۔