Skip to content

نیا سال نئی امیدیں

آج سال 2021 کا پہلا دن ہے اور میں اپنے کمرے میں بیٹھا یہ آرٹیکل لکھ رہا ہوں۔ نیا سال شروع ہو رہا ہے اسی کے ساتھ ہم سب نے نئے سال کے ساتھ بہت سی نئی امیدیں لگا لی ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آگے بڑھنے سے پہلے ہم گزشتہ سال پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔
سال 2020 پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک بہت ہی مشکل سال رہا کیونکہ اس سال کورونا جیسی خطرناک وباء نے پوری دنیا میں تباہی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ دنیا کی تمام بڑی معیشتیں منہ کے بل زمین پر آ گریں۔ لاک ڈاؤن نے زندگی کو بالکل مفلوج کر کے رکھ دیا۔ ہم اپنے ملک کی بات کریں تو یہاں زیادہ آبادی متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایسے تمام گھرانوں کے چولہے بجھ گئے تھے۔
سب سے بڑا نقصان اگر میری نظر میں ہوا ہے تو وہ تعلیم کا نقصان ہے۔ مارچ 2020 میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے تھے جو صرف بمشکل ایک مہینہ کھلے رہنے کے بعد نومبر سے پھر بند ہیں۔ اس تعلیمی نقصان کا شائد اب ازالہ ممکن نہیں ہے۔ سال 2020 اس لئے بھی ہمارے لئے ناخوشگوار رہا کیونکہ اس سال ہم نے بہت سی ادبی اور دینی شخصیات کو کھو دیا جن میں گریٹ طارق عزیز اور مولانا خادم حسین رضوی قابل ذکر ہیں، اللہ پاک ان کے درجات بلند کرے۔
آئیں اب ہم دیکھتے ہیں کہ سال نو ہمارے لئے کیا نئے چیلنجز لے کر آیا ہے اور ہمیں کیا کیا امیدیں ہیں۔ اس سال بھی ہمیں کورونا کا سامنا رہے گا مگر اللہ پاک سے دعا ہے کہ اب ہمیں اس مصیبت سے نجات دےدے۔ ہمارا معاشی نقصان بھی بہت ہوچکا ہے گزشتہ سال اس لئے اب معیشت کی گاڑی کو پٹڑی پر دوبارہ لانے کے لئے بہت محنت کرنا ہوگی۔ تعلیمی نقصان کسی نہ کسی حد تک پورا کرنے کے لئے اب 10 جنوری سے تعلیمی ادارے کھول دینے چاہئیں تاکہ پڑھائی کے بعد وقت پر امتحانات کا انعقاد کروایا جا سکے۔
ہم سب مسلمان ہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ ہمارا رب اگر ہمیں کسی پریشانی میں مبتلا کرتا ہے تو اس میں کوئی مصلحت ہوتی ہے، اللہ پاک ہمیں ان تمام مشکلات سے اس سال نجات عطا فرمائے گا انشااللہ۔ دعا ہے کہ اللہ پاک اس سال نو میں آپ سب کی مشکلات دور فرمائے اور سب کی تمام امیدیں یہ سال پوری کرے آمین۔
میری یہ کاوش آپ کو اچھی لگے تو میرے لئے بھی دعا ضرور کیجئیے گا۔ نیا سال مبارک۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *