کرونا وبا کے ان دنوں میں تقریبا ہر شخص ماسک کا استعمال کر رہا ہے جو کہ اچھی بات ہے۔ بری بات یہ ہے کہ ان میں سے اکثر لوگ ماسک استعمال کرنے کے بعد اسے صحیح طریقے سے ٹھکانے نہیں لگاتے یا تلف نہیں کرتے اور جراثیم کے پھیلاو کا موجب بنتے ہیں۔ ہسپتال کے اندر تو ماسک کو تلف کرنے کا بندوبست ہوتا ہے لیکن اصل پریشانی عوام کے لئے ہے۔ عوام مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کر کے جراثیم کے پھیلاو کو روک سکتے ہیں۔
1۔ ماسک پہننے سے پہلے صابن سے ہاتھ دھوئیں یا اپنے ہاتھوں کو sanitize کریں۔
2۔ ماسک اس طرح پہنیں کہ ماسک آپ کے ناک، منہ اور چہرے پہ اس طرح بیٹھے کہ پھونک مارنے سے ہوا کسی جانب سے خارج نہ ہو۔
3۔ بہتر ہے کہ آپ سرجیکل یا میڈیکل ماسک کا استعمال کریں کیونکہ کپڑے سے بنا ہوا ماسک آپ کو گردوغبار یا چھینٹوں سے تو بچا سکتا ہے مگر وائرس یا بیکٹیریا سے نہیں۔ یاد رہے کہ N95 ماسک پہننا عام عوام کے لئے ضروری نہیں ہے۔
4۔ ماسک استعمال کرنے کے بعد ماسک کو ایک عام شاپر کے اندر بند کر کے بند کوڑے دان میں کم از کم تین دن رکھیں اور پھر عام کوڑا کرکٹ کے طور پہ جلا دیں یا خاکروب کے حوالے کر دیں۔ بہتر تو یہ ہے کہ ماسک استعمال کرنے کے بعد عام بلیچنگ سولوشن (Bleaching Solution, 5%) یا سوڈیم ہائپوکلورائٹ سولوشن (Sodium Hypochlorite Solution, 1%) میں ڈبوئیں اور پھر جلا دیں یا دس فٹ گہرا گڑھا کھود کر اس میں دبا دیں یا شاپر میں بند کر کے خاکروب کے حوالے کر دیں۔
ڈاکٹر مزمل ارشاد (میڈیکل آفیسر، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ)