خدا تعالیٰ کی نعمتیں بے شمار ہیں ان نعمتوں میں سے ایک نعمت رنگ ہیں _رنگ کائنات کا حسن ہے ،انسانی زندگی اور فطرت کے حسن میں رنگوں کی قوت ہی غالب ہے ۔خدا تعالی نے رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے فطرت کو حسن و جمال سے نوازا ۔انہی رنگوں کا انسانی زندگی پر گہرا اثر ہے بلکہ یہ کہنا زیادہ بہتر ہوگا کہ قدرت کے پیدا کردہ یہ رنگ ہیں
مختلف انسانی جذبات و کیفیات کا سبب بنتے ہیں ۔رنگ انسان کو خوشی دیتے ہیں ۔رنگوں سے ہی وہ اپنے اردگرد کو سجاتا ہے اور رنگوں سے ہی وہ خوشی حاصل کرتا ہے ۔یہ رنگوں کی قوت ہی ہے جس سے ایک انسان دوسرے انسان کی کیفیات اور ارادے بھانپ جاتا ہے مثال کے طور پر غصے کے وقت انسان کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے ،خوشی کے وقت اس کا رنگ کِھل جاتا ہے ،ڈر کے وقت اس کا رنگ زرد ہو جاتا ہے _دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف رنگوں کو مختلف علامات کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے مثلا ایشیا میں کچھ لوگ سرخ رنگ کو جشن سے منسوب کرتے ہیں افریقہ میں اسی رنگ کو ماتم کی علامت سمجھا جاتا ہے جبکہ زیادہ تر ممالک میں اسے خطرے کی علامت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔لیکن کچھ رنگ ایسے ہیں جو کہ انسانی طبیعت پر ایک جیسا اثر ڈالتے ہیں چاہے ان کا پس منظر کچھ بھی ہو مثلا سرخ رنگ توانائی ظاہر کرتا ہے_
یہ رنگ بھوک بڑھاتا ہے اس لئے ہوٹلوں اور کھانے پینے کی جگہوں پر سرخ رنگ کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے ،سبز رنگ تراوت اور خوشی دیتا ہے ،سفید رنگ نفاست کے لیے اور زرد رنگ بیماری کے لیے _کالا رنگ خوف دلاتا ہے۔کالے رنگ سے اکثر لوگ ڈرتے ہیں جیسے کالا اندھیرا ،اسے سوگ کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔رنگوں کی قوت کا انسانی مزاج اور طبیعت پر اس کے اثرات کو دیکھتے ہوئے ماہرین، مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے مختلف رنگوں کا استعمال کرتے ہیں ۔رنگوں سے بیماریوں کا طریقہ علاج صدیوں سے چلا آ رہا ہے_ قدیم یونان ،مصر ،چین ،اور انڈیا میں رنگوں سے علاج کیا جاتا رہا اور آج بھی کیا جاتا ہے _سائنسی ترقی کے ساتھ ساتھ اس طریقہ علاج میں بھی جدت آگئی ہے _اس طریقہ علاج کو کرومو تھراپی کہا جاتا ہے اور رنگوں سے علاج کرنے والے معالج کو کلر تھراپسٹ کہتے ہیں _اس طریقہ علاج میں برقی مقناطیسی شعاعوں کے رنگدار حصے کو استعمال کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے
ماہرین بتاتے ہیں کہ ہر رنگ کا مختلف مزاج ہوتا ہے جیسے کہ سرخ رنگ کا مزاج گرم خشک ہے ،زرد رنگ کا مزاج گرم تیز ہوتا ہے ،آسمانی رنگ کا مزاج سرد اور تر ہے ،نارنجی رنگ کا مزاج گرم اور سبز رنگ کا مزاج محض تر ہوتا ہے ۔اس طریقہ علاج میں معالجین اکثر کتے کے کاٹے ،زخموں ،جلنے اور درد کے لیے نیلا رنگ تجویز کرتے ہیں _گہرا نیلا رنگ ریڑھ کی ہڈی کی مضبوطی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے _ پریشانیوں اور مایوسیوں سے بچاؤ کے لئے دھوپ کی روشنی بہت مفید ہے یہی وجہ ہے کہ جو لوگ زیادہ تر وقت روشنی میں گزارتے ہیں وہ ان لوگوں کی بنسبت خوش ہوتے ہیں جو زیادہ تر وقت بند کمروں میں مصنوعی روشنیوں میں گزارتے ہیں _