اللہ پاک کی ذات نے ہر انسان کو کسی نا کسی خوبی سے نوازا ہے۔ انسان کا کام صرف ان خوبیوں کی تلاش اور اس کا مثبت استعمال ہے۔ جو لوگ اپنی خوبیوں کو جان جاتے ہیں وہ ان کا مثبت استعمال کر کے کچھ نا کچھ بن جاتے ہیں۔ اگر کسی کو وکالت کے شعبہ سے لگاؤ ہے تو وہ وکیل یا جج بن جاتا ہے اور جو لکھنے کے شوقین ہیں وہ لکھاری بن جاتے ہیں۔ کچھ لوگ صرف پڑھائی میں اچھے ہوتے ہیں
مگر ان میں سکلز نہیں ہوتی۔ یہ سکلز کئی قسم کی ہو سکتی ہیں۔ کچھ لوگ تیس سال کی عمر تک پڑھتے رہتے ہیں مگر ان کو نوکری بعد میں ملتی ہے اور کچھ لوگ پندرہ سال کی عمر سے کوئی نا کوئی سکل سیکھ کر کمانا شروع کر دیتے ہیں۔ رزق اللہ پاک نے ہر انسان کے نصیب میں لکھ دیا ہے بس انسان کو اس کی تلاش کی کوشش کرنی چاہیے۔ آج کا دور ترقی کا دور ہے اور اس جدید دور میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ انسان کوئی نا کوئی سکلز سیکھ لے۔ ان سکلز کا فائدہ انسان کو اس کی پریکٹیکل زندگی میں ہوتا ہے۔ آج کل صرف ڈگری لے لینا ہی کافی نہیں بلکہ ان سکلز کی بہت ڈیمانڈ ہے جو جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتی ہیں۔ انہی سکلز کی وجہ سے ہزاروں بے روزگاروں کو روزگار میسر ہوا ہے اور وہ گھر میں بیٹھ کر آرام سے کما رہے۔ لہذا ان کی بڑی اہمیت ہے اور اب ہر طالب علم کو چاہیے کہ ان سکلز کو سیکھے۔ ان سکلز میں چند ایک یہ ہیں: ویڈیوں ایڈیٹنگ، فری لانسر، فیور، کمیونیکیشن وغیرہ۔ آج کل لوگ فری لانسر پر کام کر کے ہزاروں روپے کما رہے ہیں اور کئی بچارے گریجوایشن کر کے بھی بے روز گار ہیں۔ یہ سب نصیب کی باتیں ہیں کہ کسی کے مقدر میں پہلے رزق آتا ہے اور کسی کے مقدر میں دیر سے۔
اب حکومت نے بھی ان سکلز کی افادیت کو سمجھتے ہوئے کئی پروگرام شروع کیے ہیں جن سے آپ مفت میں یہ سکلز سیکھ سکتے ہیں۔ ان میں ایک پروگرام کا نام ڈیجی سکلز بھی ہے جو مفت میں نوجوانوں کو تعلیم دے رہا ہے اور طالب علم اس سے فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ گھر بیٹھ کر یہ کورسز مفت میں بھی کر سکتے ہیں مگر اہم بات یہ ہے کہ آپ کرنے والے بنیں۔ کئی انٹرنیشنل یونیورسٹیوں کے کورسز انٹرنیٹ پر موجود ہیں جو کہ بالکل مفت ہیں اور آپ گھر میں بیٹھ کر سب کچھ سیکھ سکتے ہیں اگر آپ میں لگن اور ارادہ ہے تو۔ صرف اپنی نصابی تعلیم پر ہی توجہ مرکوز نا رکھیں بلکہ چند ایک دو سکلز بھی سیکھ لیں۔ تاکہ آپ کو اپنی پریکٹیکل زندگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نا کرنا پڑے۔
ان سکلز کو سیکھ کر آپ نا صرف اپنے لیے روزگار تلاش کر سکتے ہیں بلکہ آپ اپنے ملک پاکستان کا نام بھی روشن کر سکتے ہیں۔ میں بے شمار ایسے لوگوں کو جانتا ہوں اور شاید آپ بھی ایسے لوگوں سے واقف ہوں گے جنہوں نے ایسی ہی کچھ سکلز سیکھیں اور آج وہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ کچھ لوگ یوٹیوب پر کام کر رہے ہیں تو کچھ فری لانسر پر سروسز مہیا کر رہے ہیں۔ غرض کوئی نا کوئی کوشش کر رہا ہے کہ کسی طرح اس کا چولہا جلتا رہے۔ آپ بھی یہ کوشش ضرور کریں اور اپنے لیے نئے مواقع پیدا کریں۔ یہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس میں وہیں لوگ کامیاب رہیں گے جو اس ٹیکنالوجی سے واقف ہوں گے۔ آپ بھی مستقل مزاجی سے لگے رہیں اور یہ چیزیں سیکھیں۔