Skip to content

سال بے قصور ہے اور مسلمان قصور وار۔۔۔

سال بے قصور ہے اور مسلمان قصور وار۔۔۔

تحریر: ملک صداقت فرحان

ہم پچھلے کئی سالوں سے اپنے کیے ہوئے تمام گناہوں اور ناکامیوں کا ملبہ ہر گزرتے ہوئے سال پر ڈالتے آئے ہیں ہم ہر جاتے ہوئے سال کو برا کہہ کر، کوس کر اپنے گناہوں اور ناکامیوں پر پردہ ڈالتے آئے ہیں۔ ہم نے ایک بار بھول کر بھی اپنی اصلاح کرنے کی کوشش نہیں کی. ہم نے ایک بار بھی اپنے ان گناہوں کو ختم اور ناکامیوں کو سدھارنے کی کوشش نہیں کی جن پر ہم پردہ ڈالتے آئے ہیں۔

ہم نے ایک بار بھی اپنے کردار، اخلاق اور سوچ کو اچھا بنانے کی کوشش نہیں کی بلکہ ہم ہر انے والے نئے سال میں پچھلے سال کی نسبت برے سے برے بنتے آئے ہیں۔ ہم انگریزوں کی بنائی ہوئی رسوم و رواج میں مسلسل دھنستے آئے ہیں لیکن اب ہمیں سنبھلنا ہوگا مسلمانوں حالات و واقعات پہلے جیسے نہیں رہے آج مسلمان مغرب کی سازشوں میں گھر چکے ہیں۔مسلمانوں کے بچے مغرب کی بنائی ہوئی ٹک ٹاک اور لائکی پر تھرک کر اپنی عزتیں اور وقار پوری دنیا میں فین فالونگ کے نام پر نیلام کررہے ہیں اور ”قوموں کی عزت ہم سے ہے“ کا نعرہ لگانے والی خواتین پہلے پردے سے بے پردگی میں آئیں اور پھر آہستہ آہستہ کھلے لباس سے پینٹ شرٹ میں ناجانے خواتین کی بے حیائی اور بے شرمی کا یہ سفر کہاں جاکر ختم ہوگا۔ ٹک ٹاک پر ناچنا اور بے حیائی جیسی برائیوں کے علاوہ ہمارے اندر ایک اور برائی بھی کوٹ کوٹ کر پائی جاتی ہے اور وہ برائی پہلی دو برائیوں کی طرح مغرب کی گھناؤنی سازش کا ثمر ہے

جو سازش مغرب نصاب کی صورت میں کررہا ہے انگریزی زبان جو نصاب سے شروع ہوتی ہے اور غلامی تک جاتی ہے جی ہاں غلامی تک۔۔۔مسلم خواتین وحضرات بڑے شوق سے انگریزی سیکھتے ہیں اور عام بول چال میں بھی انگریزی استعمال کرتے ہیں اور یہ سب کرنے میں ہمارے خواتین و حضرات بڑا فخر اور خوشی محسوس کرتے ہیں دراصل مسلم مردو خواتین جو ایک دوسرے کی حاکمیت میں رہنا گوارا نہیں کرتے وہ انگریزی بول کر خوشی خوشی خود کوانگریزوں کا غلام ثابت کررہے ہوتے ہیں۔

مسلمانوں کو مغرب سے ہوشیار رہنے کی نصیحت
مغرب کی سازشوں کی فہرست بہت طویل ہے۔ میں مغرب کی کون کونسی سازش کا ذکر کروں؟ مغرب کی ہر ایک سازش پہلی سازش سے زیادہ بھیانک اور گھناؤنی ہے لیکن مسلمان انگریزوں کی سازشیں سمجھنے اور انگریزوں کے خلاف کچھ بولنے اور سننے کو تیار ہی نہیں۔ آج مسلمان سوچنے سمجھنے کی صلاحیت صرف دوستوں میں بیٹھ کر بیوی کی برائیاں کرنے، امیر بوائے فرینڈ یا امیر گرل فرینڈ کو ڈھنڈنے میں استعمال کرتے ہیں۔مسلمانوں سنبھل جاؤ اللہ کا واسطہ ہے سنبھل جاؤ۔۔۔ اگر نہ سنبھلے تو تاریخ کا بھیانک اور دردناک قصہ بن کر رہ جاؤ گے۔

نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے مسلمانوں

تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *