موسم سرما میں جہاں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ وہیں ہماری جلد بھی خاصی متاثر ہوتی ہے جس کے باعث خشکی کی شکایت عام ہوجاتی ہے۔ ایسےمیں آپ اپنی مؤسچرائزر کریم خود گھر میں تیار کر سکتے ہیں، وہ بھی صرف تین اجزاء سے جو ہر گھر میں پائے جاتے ہیں۔ اسے تیار کرنے میں نہ زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے اور نہ ہی زیادہ خرچ ہوتا ہے۔ کم خرچ میں قدرت کے اس انمول تحفے یعنی بادام سے فائدا اٹھائیں اور اپنی جلد کو رکھیں نرم و ملائم اور نکھری نکھری۔۔
اجزاء؛
٭ بادام – ۲۰ سے ۲۵ عدد
٭ عرق گلاب – آدھی پیالی
٭ مؤسچرائزر کریم – ۱ سے ۲ کھانے کا چمچ
ترکیب؛
ایک مٹھی بادام کو عرق گلاب میں رات بھر بھگونے کے لئے رکھ دیں۔ عرق گلاب کی جگہ آپ پینے کا صاف پانی بھی استعمال کر سکتے ہیں مگر وہ دیرپا اثر نہیں کرے گا۔ رات بھر بھگونے کے بعد جب بادام اچھی طرح پھول جائیں تو ان کے چلکے اتار کر علحیدہ کرلیں۔ اس کے بعد بادام کو اسی عرق گلاب سمیت مکسچر میں ڈال کر اچھی طرح پیسٹ بنالیں۔ اب اس پیسٹ کو ایک پیالی میں نکال لیں اور اس میں اپنی جلد کے حساب سے مؤسچرائزر کریم کو شامل کریں۔ آپ اس میں اپنی روزمرہ کے استعمال کی کوئی بھی مؤسچرائزر کریم شامل کر سکتے ہیں ، جیسے کہ دوف، نیویا، پونڈس وغیرہ، جو آپ کے استعمال میں ہو۔ جلد کے حساب سے مؤسچرائزر کریم کی مقدار مندرجہ ذیل ہیں۔۔۔
آئلی یعنی چکنی جلد کے حامل افراد؛
ایسے افراد تیارکردہ بادام کا پیسٹ زیادہ لیں اور مؤسچرائزر کریم کی مقدار کم رکھیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے دو چمچ بادام کا پیسٹ لیا ہے تو اس میں ایک چمچ مؤسچرائزر کریم شامل کریں۔
خشک جلد کے حامل افراد؛
وہ افراد جن کی جلد ضرورت سے زیادہ خشک رہتی ہے، وہ تیارکردہ بادام کا پیسٹ کم لیں جبکہ مؤسچرائزر کریم کی مقدار زیادہ رکھیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے ایک چمچ بادام کا پیسٹ لیا ہے تو اس میں دو چمچ مؤسچرائزر کریم شامل کریں اور ساتھ ہی وٹامن-ای کا ایک کیپسول یا پھر گلیسرین کا ایک چوتھائی چمچ شامل کریں۔
نارمل اور حساس جلد کے حامل افراد؛
ایسے افراد دونوں اجزاء کی مقدار برابر رکھیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ نے دو چمچ تیارکردہ بادام کے پیسٹ کے لیئے ہیں تو اس میں دو چمچ ہی مؤسچرائزر کریم کے شامل کریں ۔
اپنی جلدکے حساب سے مقدار شامل کرنے کے بعد اس آمیزے کو اچھی طرح چمچ کی مدد سے ہلائیں تاکہ وہ کریم کی شکل اختیار کرلے۔ اب اسے کسی صاف جار یا کسی کریم کی خالی ڈبیا میں بھر کر محفوظ کر لیں۔ اس تیار کردہ بادام کی کریم کا چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں اور پیروں پر بھی باقائدگی سے استعمال کریں۔آپ اسے زیادہ مقدار میں بنا کر پورا مہینہ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ وہ افراد جن کی جلد ضرورت سے زیادہ حساس ہے یا جنہیں کسی قسم کی جلدکی الرجی ہے وہ جلد کے تھوڑے حصے پر لگا کر ٹیسٹ کرلیں، اگرچہ کسی قسم کی خارش یا جلن محسوس نہیں ہوتی تو وہ استعمال کر یں اور اگراس قسم کی علامات ظاہر ہوں تو اس کے استعمال سے پرہیز کریں۔