اسلام جہاں روح کی پاکیزگی اور طہارت کا حکم دیتا ہے وہیں ظاہری صفائی کو بھی نظر انداز نہیں کرتا اس بات کا اندازہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپؐ نے فرمایا “صفائی نصف ایمان ہے”
یہاں ہم ظاہری صفائی کے بات کر رہے ہیں اور بات ہو رہی ہے دانتوں کی صفائی کی _ایک طرف تو دانت ہمارے چہرے کے خد و خال میں بہت اہمیت کے حامل ہیں تو دوسری طرف اندرونی صحت کا تعلق بھی براہ راست دانتوں سے منسلک ہے _دانت گندے ہوں تو نہ صرف یہ اس شخص کے لئے خود تکلیف کا باعث ہوتے ہیں بلکہ سامنے والے کو بھی تکلیف دیتے ہیں _گندے دانت نہ صرف منہ کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں بلکہ اس سے سانس ،پھیپھڑوں اور معدے کی بیماریاں بھی پیدا ہوتی ہیں _آج کے اس مضمون میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دانت صاف کرنے کی سنت بیان کی جائے گی ۔
مسواک کرنا
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دانتوں کی صفائی کے لیے مسواک استعمال کیا کرتے تھے _آپ ہر نماز سے پہلے اپنے دانتوں کو اچھی طرح صاف کرتے ،اس کے علاوہ باہر جانے سے پہلے ،گھر آنے کے بعد ،سونے سے پہلے اور جاگنے کے بعد مسواک سے اپنے دانت صاف کرتے _ساری زندگی یہی معمول رہا یہاں تک کہ جب نزع کی حالت میں تھے تب بھی مسواک نہ چھوڑی_آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا!
” اگر میری اُمت پر دشوار نہ ہوتا تو میں ان کو ہر نماز کے وقت مسواک کا حکم دیتا “
جدید تحقیق کے مطابق مسواک کے بہت سے فوائد سامنے آئے ہیں اور اسے تقریبا ستر بیماریوں سے نجات کا سبب بتایا جاتا ہے جن میں سے چند ایک تو یہ ہیں۔
یہ نظر کو تیز کرتی ہے _
گلے کی بلغم کو ختم کرتی ہے _
منہ کی خشکی ختم کرتی ہے _
کھانا جلد ہضم ہونے میں مدد دیتی ہے_
دانتوں کو سفید اور چمکدار بنا تی ہے _
پھیھپڑوں کی بیماریوں سے نجات دلاتی ہے_
سماعت کو بہتر کرتی ہے_
ذہن کو تیز کرتی ہے _
مسوڑھوں کو مضبوط بناتی ہے _
فصاحت بڑھاتی ہے _
کھانسی دور کرتی ہے _
فخر اور غرور کو ختم کرتی ہے _
موت کے وقت کلمہ شہادت کی یاد آ جاتا ہے _
اس سے رضائے الہی حاصل ہوتی ہے (چونکہ سنت ہے )_
نماز سے پہلے مسواک کرنے سے نماز کا ثواب ستر گناہ بڑھ جاتا ہے _
مسواک کے فائدے دیکھتے ہوئے آجکل ٹوتھ پیسٹ کمپنیوں نے بھی اپنے ٹوتھ پیسٹوں میں مسواک کا عرق شامل کیا ہے لیکن اس سے وہ فوائد حاصل نہیں ہو سکتے جو کہ اصل میں مسواک کرنے سے حاصل ہوتے ہیں یہ اپنے آپ کو تسلی دینے کے مترادف ہیں اس لئے دانتوں کی حفاظت کے لیے سنت نبویؐ ادا کرتے ہوئے مسواک کا استعمال عام کیجئے _تاکہ دانت رہیں مضبوط اور آپ رہیں صحت مند _