Skip to content

اسٹیپی عقاب : Steppe Eagle

اسٹیپی عقاب : Steppe Eagle
سائنسی نام: اکیلا نیپلینس

یہ ایک بڑا شکاری عقاب ہے جس کے وسیع ، لمبے پر اور ایک مختصر گول دم ہوتی ہے۔ بالغ پرندے بھوری رنگ کے ہوتے ہیں۔ تمام عقابوں کی طرح اس کا تعلق بھی ایکسیپیٹریڈا فیملی سے ہے۔ اسٹیپی عقاب کی اچھی اور مظبوط ٹانگیں اس کو سب فیمیلی اکیلیینی کا ممبر بناتی ہیں ، جسے “بوٹڈ ایگلز” بھی کہا جاتا ہے۔مادہ عقاب نر کے مقابلے میں بڑی ہوتی ہے جسکا وزن 3.5 سے 5.5 کلوگرام جبکہ نر عقاب کا وزن: 2.2 سے 4.6 کلو تک ہوتا ہے۔ اسکے علاوه نر عقاب کی جسمانی لمبائی 65 سے77 سینٹی میٹر اور مادہ کی جسمانی لمبائی 53.6 سے 65.5 سینٹی میٹر تک محدود ہوتی ہے۔ اس کے علاوه نر عقاب کے پروں کی لمبائی 174 سے 199 سینٹی میٹر اور مادہ میں یہ لمبائی 192 سے 262 سینٹی میٹر تک ہوتی ہے۔

دنیا کے تیز ترین پرندوں میں اس عقاب کا شمار ہوتا ہے۔ یہ افقی پرواز میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرسکتا ہے جبکہ ڈائیونگ پرواز میں 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بھی پہنچ سکتا ہے۔اسٹیپی عقاب کی غذا بڑے پیمانے پر ہر طرح کے تازہ مردہ جانور ہیں لیکن یہ خرگوش اور دوسرے چھوٹے جانور اور بعض اوکات پرندوں کا بھی شکار کر لیتا ہے۔ موسم سرما میں یہ عقاب پاکستان ہجرت کرکے آتا ہے اور زیادہ تر گرفن اور کالے گدھوں کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے۔اس عقاب کی نسل بدقسمتی سے معدومیت کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور اسکی بقا کو شديد خطرات لاحق ہیں۔ اس عقاب کی افزائش نسل صرف چار بڑے ممالک روس ، قازقستان ، منگولیا اور چین تک محدود ہے۔ دنیا میں اس کی کل آبادی 30000 سے 35000 جوڑوں پر مشتمل ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *