دورانِ حمل فولک ایسڈ کی اہمیت
فولک ایسڈ کیا ہے؟
فولک ایسڈ دراصل ایک قسم کا وٹامن بی (بی 9) ہے۔ فولک ایسڈ ہمارے جسم میں خون کے خُلیات کو بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ ہمارے جسم کی کھال، بال اور ہمارے ناخنوں کی افزائش میں بھی فولک ایسڈ بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ فولک ایسڈ دراصل فولیٹ کی ایک قسم ہے جو کہ تیار شدہ غذائی سپلیمنٹس میں استعمال ہوتا ہے۔اس کے علاوہ فولک ایسڈ خوراک میں بھی پایا جاتا ہے جیسے کہ؛ چاول، پاستا، روٹی، اور سیریلز وغیرہ ۔
ایسی تمام خواتین جو بچوں کی خواہشمند ہیں انہیں چاہیے کہ حمل سے کچھ مہینے پہلے ہی فولک ایسڈ لینا شروع کردیں۔ اس سے آپ کے جسم میں ایسی نشوونما ہوتی ہے جو مستقبل میں آپ کے بچے کو مختلف قسم کی اعصابی بیماریوں سے بچاتی ہے جیسے کہ نیورل ٹیوب ڈیفیکٹس۔
فولک ایسڈ کیوں ضروری ہے؟
ںیورل ٹٰیوب بچوں کی افزائش میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ فولک ایسڈ کی کمی کے باعث ںیورل ٹیوب سہی طرح سے بن نہیں پاتی اور نوزائیدہ بچوں میں مختلف اعصابی کمزوریاں نمودار ہو جاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک بیماری جسے سپینا بائفیڈا کہتے ہیں۔ اس بیماری میں ریڑھ کی ہڈی کی قو سیں بند ہونے میں ناکام رہتی ہیں اور بچوں کی پُشت پر ایک سوراخ نمودار ہوجاتا ہے۔ اس بیماری کے باعث بچوں میں اور بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جیسے کہ؛
افزائش کے مسائل
مثانے اور نظام ہضم کے مسائل
سمجھنے اور سیکھنے کی صلاحیت کا متاثر ہونا
فولک ایسڈ کی کمی سے ہونے والی معزوریاں:
سپینا بائیفیڈا کے علاوہ فولک ایسڈ کی کمی، دماغی کمزوری کا باعث بھی بنتی ہے۔ ایسے میں دماغ کے کچھ حصے بن نہیں پاتے یا پھر دماغ کا کچھ حصہ باہر کی طرف اُبھرا ہوتا ہے۔ اور ایسے بچوں کے زندہ رہنے کا چانس صرف 5 سے 10 فیصد ہوتا ہے۔
فولک ایسڈ لینا کب شروع کریں؟
ہر عورت کو چاہیے کہ بلوغت تک پہنچنے کے بعد فولک ایسڈ لینا شروع کردے۔ چاہے آپ حمل چاہتی ہیں یا نہیں، فولک ایسڈ جسم کے مختلف خلیات کو بننے میں مدد دیتا ہے۔ حمل شروع ہونے سے ایک مہینہ پہلے فولک ایسڈ کی گولیاں کھانا شروع کریں اور اسے حمل کے بارہویں ہفتے تک جاری رکھیں۔
تجویز کردہ خوراک:
ماہر صحت کے مطابق، بلوغت کے بعد ہر عورت کو 400مائیکروگرام فولک ایسڈ ہر روز لینا چاہیے۔ چونکہ اکثر حمل اچانک ہی شروع ہو جاتا ہے اس لیے بہتر یہ ہی کہ فولک ایسڈ کو پہلے سے ہی لینا شروع کر دیا جائے۔ فولک ایسڈ کی تجویز کردہ خوراک 400 مائیکروگرام ہے اور اس سے زیادہ مقدار ڈاکٹر کے مشورے کے بنا کسی صورت استعمال نا کریں۔
فولک ایسڈ کہاں سے حاصل کریں؟
زیادہ تر غذائی اجزا میں فولک ایسڈ کی تجویز کردہ مقدار (400مائیکروگرام) موجود ہوتی ہے۔ بہت سی سٹورز پر ایسی غذائی اجزا موجود ہیں جن میں 100٪ فولک ایسڈ کی تجویز کردہ مقدار موجود ہوتی ہے لیکن پھر بھی کوئی بھی سپلیمنٹ خریدنے سے پہلے اس کا لیبل ضرور پڑھ لیں۔
فولک ایسڈ مختلف بریڈز، سیریلز اور گندم میں بھی پایا جاتا ہے۔ تمام ہری سبزیوں میں بھی فولک ایسڈ کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے ۔ اس لیے ان سب اجزا کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ ضرور بنائیں۔