ایک طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تنقید جاری ہے اور خوب جاری ہے،دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ اس نئے سال میں بےانتہامصروفیات کے باوجود مزید سیریز شیڈول کر رہا ہےکرکٹ آئرلینڈ نےدعویٰ کیا ہے کہ اس سال پاکستان کے خلاف ٹی20 سیریز قریب حتمی مراحل میں داخل ہےلیکن آپ کو یہ جان کرحیرت ہوگی کہ یہ سیریز نہ پاکستان میں ہوگی اور نہ ہی آئرلینڈ میں بلکہ تیسرے ملک میں کھیلی جائے گی ۔
واقعہ یہ ہے کہ یہ سال ٹی20 ورلڈ کپ کا ہے،اس سال کے آخر میں بھارت اس کی میزبانی کرے گا۔اس لئے تما م ٹیمیں اس کی تیاری کے لئےاپنے شیڈول فائنل کر رہی ہیں۔پاکستان جس نے گزشتہ سال انگلینڈ کے ساتھ اسکاٹ لینڈ اور آئر لینڈکا دورہ کرناتھا،کوروناکی وجہ سے وہ صرف انگلینڈ ہی جاسکا تھا،باقی سیریز ملتوی کردی گئی تھیں۔کرکٹ آئرلینڈ وہی سیریز اس سال شیڈول کرنے کی کوشش میں ہےاور اہم بات یہ ہے کہ آئرلینڈ اس سیریز کو انگلینڈ کی سرزمین پرشیڈول کرنا چاہتا ہےاور اس کے لئے بات چیت جاری ہے۔آئر لینڈ نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے میچز انگلینڈ میں کھیلنے تھے لیکن یہ سیریز بھی کوروناکی نذر ہوگئی تھی پاکستان نے اس سال انگلینڈ میں محدود اوورز فارمیٹ کی سیریز کھیلنےجاناہے،آئرلینڈ اس سے قبل پاکستان کے خلاف 2 ٹی 20میچزکی سیریز انگلینڈ میں کھیلے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس کی رسمی منظوری دی جاچکی ہے۔دوسری جانب ایک روزہ کرکٹ کا حسن اب بھی برقرار ہےلیکن اب اس کے میچز کے زیادہ ہونے کاانحصارورلڈکپ پر ہوتا ہے،ابھی جیسے یہ سال ٹی20 ورلڈ کپ کا ہے توہر ٹیم اگلے 8 ماہ میں زیادہ سےٹی20 میچز کھیلتی دکھائی دے گی۔بہت کم لوگوں کو علم ہوگاکہ گزشتہ روز کا جو دن گزرا ہے وہ ایک روزہ انٹرنیشنل آفیشل کرکٹ کی نصف صدی مکمل ہونے کا دن تھا۔ دنیائے کرکٹ میں پہلا آفیشل ایک روزہ میچ 5جنوری1971کو میلبورن میں آسٹریلیااور انگلینڈ کے مابین کھیلا گیا تھا۔40اووز کے میچ میں فی اوور8بالزکا تھا،انگلینڈ میں اس کا تجربہ 1966میں کیاجاچکا تھا لیکن وہ ایک غیر سرکاری میچ تھا۔
50سال مکمل ہونے پر اگر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ پر نگاہ ڈالی جائے تو اب تک 4ہزار سے زائد ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ میلبورن میں آسٹریلیا اور انگلینڈکا ٹیسٹ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا،کم وقت کی وجہ سے یہ میچ کروایاگیا تھا،دونوں ٹیموں نے اسے ہنستے کھیلتے کھیل لیا،دونوں ممالک نہیں جانتے تھے کہ یہ آگے جاکر ایک مستقل بڑا فارمیٹ بن جائے گا،ایسا فارمیٹ کی جس کی کمائی سے اصل فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ کو زندہ رکھاجائےگا،50سال قبل5جنوری کو آسٹریلیا نے46ہزار تماشائیوں کے سامنے یہ میچ جیت لیا تھا۔
آج50برس مکمل ہونے کے بعد انگلینڈ پہلی بار ورلڈ چیمپئن بنا ہے،اس نے یہ اعزاز گزشتہ سال حاصل کیاتھا۔ دنیائے کرکٹ میں اسی آئیڈیے کے تحت اب ٹی20اور ٹی10کے میچز کھیلے جارہے ہیں،ہر فارمیٹ کے میگا ایونٹس ہیں اورمحدوداوورزکی کرکٹ پھل پھول رہی ہے ،لیگز عام ہیں،تیزکرکٹ کا یہ چشمہ50برس قبل میلبورن سے پھوٹا تھا۔