ہنر پر رکھ

In ادب
October 07, 2022
ہنر پر رکھ

خُود کو آرام سے تُو گھر پر رکھ
اور پَگ عورتوں کے سر پر رکھ

دوستوں نے تو مِہربانیاں کِیں
داغ تُو بھی دِل و جِگر پر رکھ

میں نے قرضہ دیا ہے، جُرم کِیا؟
اور اب تُو اگر مگر پر رکھ

تُو وڈیرے کے گھر کا آدمی ہے
فتح اپنی کو میرے ڈر پر رکھ

منزلیں خُود سِمٹتی جائیں گی
بس توجہ فقط سفر پر رکھ

رِزق اللہ کی طرف سے ہے
پِھر بھروسہ ہے جو ہُنر پر رکھ

کیوں خطا وہ تِری مُعاف کرے
اب تو دستار اُس کے در پر رکھ

سب کے حِصّے میں رکھ تو رات کا دُکھ
اور نظریں مگر سحَر پر رکھ

شاعری کو مِلا دوام آخِر
کان حسرت اِسی خبر پر رکھ

رشِید حسرتؔ