نئے تعلیم یافتہ لوگوں نے مسلمانوں کی موجودہ پستی اور ان کی بیماریوں کا علاج یہ سوچا ہے کہ مسلمان مغربی تہذیب میں اپنے آپ کو فنا کر ڈالیں.اس طرح کے مرد داڑھیاں منڈوا دیں مونچھیں لمبی کریں, نیکر, کوٹ پتلون, ہیٹ استعمال کریں.نماز کو خیر آباد کہہ دیں
اور اپنے آپکو ایسا ظاہر کریں کہ یہ کسی انگریز کے فرزند ہیں اور عورتوں کو گھروں سے باہر نکالیں, پردہ توڑ دیں,اپنی بیویوں کو ساتھ لے کر بازاروں میں گھومیں,کمپنی باغوں اور تفریح گاہوں میں گھومتے پھریں,رات کو بیگم کو لے کر سینما جائیں. بلکہ کالج اور اسکولوں میں لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ بیٹھ کر تعلیم حاصل کریں,بلکہ مرد و عورتیں مل کر ٹینس, ہاکی وغیرہ کھلیں.یہ بھوت ان عقلمندوں پر ایسا سوار ہوا ہے کہ جو انکو سمجھاتا ہے وہ اسکے دشمن ہیں.اسکو ملاں یا مسجد کا لوٹا یا پرانی ٹائپ کا بڈھا کہہ کر اسکا مذاق اڑا کر رکھ دیتے ہیں اخبارات اور رسالوں وغیرہ میں برابر پردہ کے خلاف مضامین چھپ رہے ہیں . قرآنی آیتوں اور احادیث شریفہ کو کھنچ تان کر پردہ کے خلاف چسپاں کیا جا رہا ہے.
میں تو اب تک یہ نہ سمجھ سکا کہ ان حرکتوں سے مسلم قوم ترقی کیوں کر سکے گی؟
اور جن صاحبوں نے اپنے گھروں میں پیرس اور لندن کا نمونہ پیدا کیا ہے انہوں نے اب تک کتنے ملک جیتے؟؟ اور انھوں نے مسلمانوں کو اپنی ذات سے کیا فائدے پہنچائے؟
غفلت سے بیداری:
خدارا….! اے غافلو……… بیدار ہو جاؤ, اپنے گناہوں پر قائم رہنے والو! باز آجاؤ اور نصیحت حاصل کرو……خدا کے واسطے ذرا مجھے یہ تو بتاؤ کہ اس سے برا حال کس کا ہوگا جسے اسکی خواہشات نے (فکر آخرت سے) دور کردیا ہو….
اس سے زیادہ نقصان اٹھانے والا کون ہوگا جس نے اپنی آخرت دنیا کے بدلے بیچ ڈالی.یہ کیسی غفلت و لاپرواہی ہے جو تمہارے دلوں پر چھا گئی… ..یہ کیسی جہالت و بے حسی ہے جس نے تمہارے عیبوں کو تمہاری نگاہوں سے اوجھل کردیا ہے…؟ کیا تم اپنے اردگرد موت کی تلواروں کو چمکتا ہوا نہیں دیکھتے حالانکہ موت کی آہٹیں تمہارے درمیان واقع ہوتی رہتی ہیں اور اسکی نظریں تم پر جمی ہوئی ہیں اور اسکی آزمائشیں تمہارے عذر اور بہانوں کو مٹانے والی ہیں اور اسکے تیر تم سے پہلے بہت ساروں کو لگ چکے ہیں اور یہ تمہیں بھی گھیرے میں اور اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے…. تو کب اور کس لئے تم پیچھے رہ گئے…؟ کیا تم ہمیشہ بقاء کی طمع رکھتے ہو… ؟ ہرگز نہیں واحد و صمد عزوجل کی قسم! موت تاک میں ہے یہ نہ کسی باپ کو چھوڑتی ہے نہ بیٹے کو. اللہ عزوجل تم پر رحم فرمائے اپنے مولا عزوجل کی خوب عبادت کی کوشش کرو اور گناہوں سے دور ہو جاؤ تاکہ وہ تم سے محبت فرمائے.