انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو پاکستانی کپتان بابر اعظم کو مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر 2022 میں شامل کر لیا۔
اس ٹیم میں 11 کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے 2022 کیلنڈر سال میں بلے، گیند یا اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کے ساتھ شاندارکامیابی دکھائی – پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم 2022 کے دوران مسلسل بلے بازی کے ساتھ شاندار رہے، انہوں نے کیلنڈری سال میں چار سنچریاں اور مزید سات نصف سنچریاں اسکور کیں۔
نو میچوں میں انہوں نے 69.94 کی اوسط سے غیر معمولی 1184 رنز بنائے، ان کی چار سنچریاں ان چار ٹیسٹ حریفوں کے خلاف آئیں جن کا اس نے سامنا کیا۔
آسٹریلیا کے خلاف انتہائی متوقع ہوم سیریز میں بابر نے ہوم کنڈیشنز میں 390 رنز بنائے، اور جب سال کے آخر میں انگلینڈ کا دورہ کیا تو اس نے مزید 348 رنز بنائے۔ مارچ میں کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف ان کا 196 رنز ٹیسٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور تھا اور اب بھی ہے۔
اس سے قبل بابر اعظم کو آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر 2022 کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔