اسلام آباد میں دو چھٹیوں کا اعلان
اسلام آباد – دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسکول، کالج اور دفاتر دو دن، خاص طور پر 31 جولائی اور یکم اگست (پیر اور منگل) کے لیے بند رہیں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بشمول سکول، کالج اور یونیورسٹیز بند رکھنے کا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام نجی کاروبار، کمپنیاں، مارکیٹیں، دکانیں اور کمرشل بینک بھی اس دوران بند رہیں گے۔
یہ فیصلہ چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کی پولٹ بیورو کے رکن ہی لائفنگ کے آئندہ دورہ پاکستان کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ ان کا یہ دورہ 30 جولائی سے یکم اگست تک طے ہے۔
اپنے قیام کے دوران نائب وزیر اعظم لائفنگ، جو صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی بھی ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔