ایک ہی نام کی دو خواتین مریضوں کے غلط آپریشن کر دیے گئے
فیصل آباد میں ٹانگ کے مرض میں مبتلا مریضہ کے پتے کا آپریشن اور پتے کے مرض میں مبتلا مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا گیا
فیصل آباد – ایک ہی نام کی دو مریضوں کے غلط آپریشن کر دیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کی نجی اسپتال کی انتظامیہ کی بڑی مبینہ غفلت سامنے آگئی جس میں ایک ہی نام کی دو خواتین کے غلط آپریشن کر دیے گئے۔لواحقین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ٹانگ کے مرض میں مبتلا مریضہ کے پتے کا آپریشن اور پتے کے مرض میں مبتلا مریض کی ٹانگ کا آپریشن کر دیا گیا ہے۔
سی ای او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔سی ای او ہیلتھ نے نوٹس لیتے ہوئے دونوں خواتین مریضوں کے لواحقین کو انصاف دلوانے کا حکم دیا ہے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میڈیکل سروسز،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہیڈکوارٹر اور ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر انکوائری کریں گے۔جبکہ اہل خانہ کی جانب سے بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے انتہائی لاپروائی اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔