سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق، کراچی سے ننکانہ صاحب آنے والی خصوصی سکھ یاتری ٹرین کی نو بوگیاں ہفتے کی صبح شورکوٹ اور پیر محل اسٹیشنوں کے درمیان پٹری سے اتر گئیں۔
پاکستان ریلویز کے ترجمان نے ریڈیو پاکستان کو تصدیق کی کہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ریلوے انتظامیہ کی فوری کارروائی کے نتیجے میں زیادہ تر مسافروں کو ٹرین کے پہلے حصے میں جگہ دی گئی ہے اور انہیں ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت پر واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔ ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات اتوار سے شروع ہو رہی ہیں۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک نیوز ریلیز کے مطابق، دوسرے ممالک سے تقریبات میں شرکت کرنے والے سکھ یاتریوں کو دیے گئے ویزوں کے علاوہ، پاکستان نے بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو 2,942 ویزے جاری کیے ہیں۔
دورے کے دوران سکھ یاتری ڈیرہ صاحب، پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور کرتارپور صاحب جائیں گے۔