اسلام آباد – یو ایس ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو دنیا بھر کے دس بڑے شہروں میں سب سے زیادہ آلودہ درجہ دیا گیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں قائم آئی کیو ائیر کمپنی کی طرف سے پیر کو جاری کردہ انڈیکس میں کہا گیا ہے کہ پی ایم2.5 جنوبی بندرگاہی شہر میں ماحول کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے لیے اہم آلودگی ہے۔
آئی کیو ائیرنے اپنی ویب سائٹ پر کہا، ‘کراچی میں پی ایم2.5 کا ارتکاز اس وقت [ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی] ہوا کے معیار کی سالانہ گائیڈ لائن ویلیو سے 7.6 گنا زیادہ ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ حساس گروپوں کو بیرونی سرگرمیوں کو کم کرنا چاہیے اور فضائی آلودگی سے خود کو بچانے کے لیے چہرے کے ماسک کا استعمال کرنا چاہیے۔ سوئس کمپنی نے کہا کہ ‘گزشتہ برسوں کے اعداد و شمار کا مشاہدہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ کراچی میں آلودگی کی سطح بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو رہی ہے۔’
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو یو ایس ایئر کوالٹی انڈیکس میں پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔ فہرست میں درجہ بندی کرنے والے دیگر شہروں میں امریکہ کے پورٹ لینڈ اور سیٹل، بوسنیا ہرزیگوینا میں ساراجاو اور جنوبی افریقہ میں جوہانسبرگ شامل ہیں۔