.پاکستان کی سیاست ویسے تو بہت سے نازک دور سے گزرتی رہی ہے اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی اکھاڑ پچھاڑ جاری رہتی ہے ، لیکن آج کل پاکستان کی سیاست اہم موڑ پر آ چکی ہے ـ یہ صورتحال پاکستان میں ہونے والے حالیہ سینیٹ کے الیکشن کے دوران پیدا ہوئی ہے جب اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کو پیچھے ہٹا کر سینٹ سے اپنا امیدوار لانے میں کامیاب ہوگئی ـ سینیٹ میں پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کو ہرانے میں کامیاب ہوگئے، جو کہ کچھ حکومتی اراکین کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا.
وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو اس کامیابی کی زیادہ خوشی منانے نہیں دی اور دوسرے دن پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لے کر قومی اسمبلی میں اپنی مظبوط گرفت ثابت کر دی ہے ـ جب وزیراعظم عمران خان ۲۰۱۸ میں پاکستان کے وزیراعظم بنے تھے اس وقت قومی اسمبلی کے جن ممبران نے انہیں ووٹ دیا تھا ان کی تعداد ۱۷۶ تھی جب کہ اس تازہ ترین اعتماد کے ووٹ میں انہیں ۱۷۸ اراکین اسمبلی نے ووٹ دیا حالانکہ فیصل واوڈا نے انہیں ووٹ نہیں دیا کیونکہ سینٹ کا رکن بننے کے بعد وہ قومی اسمبلی کی ممبر شپ سے مستعفی ہو چکے ہیں . اس کے علاوہ اسپیکر نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا کیونکہ رولز کے مطابق اسپیکر اس وقت ووٹ کاسٹ کر سکتا ہے اگر دونوں پارٹیوں کے درمیان ٹآئی ہو جائے اگر یہ دو ووٹ بھی شامل کر لیے جائیں تو عمران خان کو حاصل ہونے والے ووٹ ۱۸۰ ہو جاتے ہیں ـ وزیراعظم کی کامیابی سے پی ٹی آئی کے کیمپ میں ایک جشن کا سماں ہےـ
مگر سیاسی طور پر اس وقت صورتحال کافی نازک ہو چکی ہے ـ بظاہر ایسا نظر آ رہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی صورت بھی یوسف رضا گیلانی کی جیت برداشت نہیں کرے گی اور وہ پوری کوشش کرینگے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن رک جائے جس میں فی الحال انہیں کامیابی ملتی نظر نہیں آرہی ـ اگرچہ دوسری طرف پی ٹی آئی کے دو اراکین سامنے آ چکے ہیں جو کسی بھی ادارے کے سامنے یا کسی بھی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر یہ بیان دینے کا ارادہ ظاہر کر رہے ہیں کہ انہیں خریدنے کی کوشش کی گئی تھی.
اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی گیلانی نے انہیں خریدنے کی کوشش کی تھی ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس کچھ ثبوت بھی ہیں ـ وزیراعظم عمران خان نے بھی اس سلسلے میں عزم کا اظہار کیا وہ اس سلسلے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے تاکہ الیکشن کمیشن کی خرابیوں کو سامنے لایا جاسکے اور الیکشن کمیشن کو یہ ثبوت د کھا کر اس الیکشن میں کامیاب ہونے والے اپوزیشن کے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو چیلنج کیا جاسکے ـ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے ـ سیاست دانوں کےاس دنگل میں عوام کے لیے کیا نکلتا ہے فلاحی یا تباہی؟
نیوز فلیکس08مارچ2021