ٹیلی ویژن کی مختصر تاریخ

In عوام کی آواز
January 25, 2021

ٹیلی ویژن جو اجکل اربوں گھروں میں پایا جا سکتا ہے، سو سال پہلے بیشتر لوگ اسکو جانتے بھی نہیں تھے۔ جسطرح کوئی بھی ایجاد اپنی موجودہ صورت میں آنے سے قبل کئی مراحل اور مختلف صورتوں سے گزرتی ہے، اسطرح ٹیلی ویژن کے بھی مختلف ابتدائی ساخت رہے ہیں۔
ٹی وی کے ابتدائی ساخت مکینکل طرز کے تھے جو دو حصوں ریسیور اور ٹرانسمیٹر پر مشتمل ہوتے تھے۔ ان میں مکینکل طریقے سے تصویر لی جاتی اور نشر کی جاتی تھی۔ اس ماڈل کے ٹی وی انیسویں صدی میں متعارف ہوۓ۔ جرمنی کے گاٹلیب نیپکو نے پہلی مکینکل ٹی وی بنائی جسکو اس نے الیکٹرک ٹیلیسکوپ کا نام دیا تھا۔ اس طرز کی ایک قسم ٹی وی میں سوراخ ذدہ ڈسکس ہوتے تھے جسکو تیزی سے گھمایا جاتا تھا۔ اسکو سکاٹش موجد جان لوگی بارڈ اور امریکی موجد چارلس فرانسس جینکنز نے1920 کی دھائی میں متعارف کرایا تھا۔
ٹی وی کے ٹرانسمیٹر میں موجود سوراخ زدہ ڈسک کی ایک چکر ریسیور کی سکرین پر سٹوڈیو کی ایک وقت کی تصویر کھینچتی تھی۔ بارڈ کے ابتدائی ماڈل میں ڈسک 30 سوراخوں پر مشتمل تھی اور ایک سیکنڈ میں 5.12 مرتبہ گھومتی تھی۔ ڈسک کے ایک طرف سٹوڈیو اور دوسری طرف فوٹو الیکٹرک سل ہوتا تھا جو کہ روشنی کو برقی سگنلز میں بدلتا تھا اور ریڈیو ویوز کے ذریعے ریسیور تک پہنچاتا تھا۔ ریسیور میں بھی ایک ڈسک نصب ہوتا تھا جو ٹرانسمیٹر کی ڈسک کی رفتار سے گھومتا تھا۔ ٹرانسمیٹر سے آنے والی ویوز ایک الیکٹرک سرکٹ سے دوبارہ روشنی میں تبدیل ہوتی تھی اور ڈسک کے سوراخوں میں سے گزر کر سکرین پر تصویر کھینچتی تھی۔
یہ تو مکینکل ساخت والے ٹی وی تھے لیکن دوسری طرف 1907 میں روس میں بورس روزنگ اور برطانیہ میں سوینٹن مکینکل ماڈل میں ایک کیتھو ڈ رے ٹیوب کو ریسیور کے طور پر لگانے میں کامیاب ہوئے۔ اس ایجاد سے کچھ سالوں بعد ایک نئی قسم کی ٹی وی سامنے آئی: الیکٹرک ٹی وی ۔ ٹیلر فارنزورتھ جب 14 سال کا تھا تو اس نے چلتی تصویروں کو کوڈ کی شکل میں مختلف ریسیورز کو ریڈیو ویوز کے ذریعے بھیجنے کا منصوبہ سوچا تھا۔1927 میں صرف 21 سال کی عمر میں ٹیلر نے دنیا کی پہلی الیکٹرک ٹی وی بنائی۔ پہلے تجربے میں صرف ایک لکیر کو نشر کیا گیا۔ بعد میں ڈالر کا نشان بھی ٹی وی سکرین پر دکھایا گیا۔ اگرچہ مکینکل ٹی وی کے ساتھ بھی نت نئی تبدیلیاں اس دور میں ہوتی رہیں مگر ان کی جگہ آہستہ آہستہ الیکٹرک ٹی وی لیتا رہا۔
الیکٹرک ٹی وی میں مرکزی حصہ کیتھو ڈ رے ٹیوب تھا جو کیتھو ڈ اور اینوڈ سے بنیادی طور پر بنا ہوتا تھا۔ کیتھو ڈ میں حرارت کی مدد سے الیکٹران پیدا کئے جاتے جنکو اینوڈ ایک بیم کی صورت میں نہایت تیز رفتار کیساتھ سکرین سے ٹکراتا تھا۔ جس جگہ الیکٹران سکرین سے ٹکراتا وہ جگہ چمک اٹھتی۔ اسطرح الیکٹران بیم کو سکرین کے مختلف جگہوں سے ٹکرا کر مکمل تصویر بنائی جا سکتی تھی۔
دنیا کا پہلا مکینکل ٹی وی سٹیشن W3XK فرانسس جینکنز نے بنایا تھا جس سے 2 جولائی 1928 کونشریات کا آغاز ہوا۔ امریکہ میں بارڈ کے ٹی وی ڈیزائن ستمبر 1928 میں منظر عام پر آئے۔ تاہم الیکٹرک ٹی وی 1938 میں گھروں کی زینت کیلیے سامنے آئے۔